اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

کراچی: گلشنِ اقبال میں بدبودار اور آلودہ پانی کی سپلائی، رہائشی صاف پانی کو ترس گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی(22 جولائی 2026): گلشنِ اقبال بلاک 5، نیپا کے قریب جاری ترقیاتی کاموں نے علاقہ مکینوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔

گلشنِ اقبال بلاک 5، نیپا کے قریب جاری ترقیاتی کام کے دوران کی جانے والی کھدائی کے باعث پانی اور سیوریج کی لائنیں شدید متاثر ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے گھروں میں بدبودار اور آلودہ پانی کی سپلائی جاری ہے اور شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق نلکوں سے آنے والا پانی اس قدر آلودہ ہے کہ وہ نہ تو پینے کے قابل ہے اور نہ ہی کسی دیگر استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کے اس بحران کے باعث مساجد میں وضو کے لیے بھی صاف پانی میسر نہیں ہے، جبکہ آلودہ پانی کے استعمال سے بچے بیمار پڑ رہے ہیں اور شہری طبی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پہلے کئی روز تک پانی کی فراہمی معطل رہی اور جب سپلائی بحال ہوئی تو نلکوں سے بدبودار اور گندا پانی آنے لگا۔ ایک طرف آلودہ پانی کی فراہمی اور دوسری جانب کھدائی کے باعث ٹوٹی سڑکوں اور بڑھتے حادثات نے شہریوں کو دوہری اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

متاثرہ شہریوں نے اعلیٰ حکام اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور پانی و سیوریج کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ: عروج رضوی

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں