کراچی(5 نومبر 2025): کمشنر کراچی نے غیر قانونی تجاوزات پر سیل ریسٹورنٹ ہوٹلز کی فہرست جاری کردی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے مطابق ہوٹلز، ریسٹورنٹس اپنی حدود سے باہر تھے، سڑک تک تجاوزات لگا رکھی تھی، اب تک 219 ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کیفے سیل کئےجا چکے ہیں۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ضلع جنوبی میں 32 ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سیل کئے گئے، ضلع شرقی میں اب تک 33 جبکہ کیماڑی میں 5 ہوٹلز اور ریسٹونٹس سیل کئےگئے۔
کمشنر سید حسن نقوی نے بتایا کہ ضلع وسطی میں اب تک 61 ہوٹلز سیل کئےگئے ہیں،کورنگی، ویسٹ ودیگر ضلع میں ابتک 61 ہوٹلز بند کرائے جا چکے ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق یہ فیصلہ کن کارروائی عوامی سہولت کو یقینی بنانے، شہریوں کے راستے بحال کرنے اور شہر کی مصروف سڑکوں اور گلیوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کی گئی۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی تجارتی ادارے کو پبلک پراپرٹی کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور بلدیاتی و ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی مقامات شہریوں کی ملکیت ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسی غیر قانونی تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالتی ہیں بلکہ حفاظتی اور صفائی کے حوالے سے بھی سنگین مسائل پیدا کرتی ہیں۔


