کراچی (20 جنوری 2026): گل پلازا سمیت کراچی میں آتشزدگی کے نئے واقعات میں تشویش ناک اضافہ ہو گیا ہے، تاہم پریشان کن امر یہ ہے کہ آتشزدگی کے پرانے مقدمات بھی تاحال عدالتوں میں نتائج کے منتظر ہیں۔
کراچی میں واقع آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی سے 11 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود سست روی کا شکار ہے، آج عدالت نے گواہان کو سمن جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران ضمانت پر رہا 12 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان میں عابد، شاہد، حنیف، احسن، طارق، عارف و دیگر شامل ہیں۔ تاہم اس کیس کا کوئی گواہ عدالت میں نہیں آیا۔
سانحہ گُل پلازہ پر قومی اسمبلی میں بحث، جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ
آر جے مال میں آتشزدگی کیس کے ملزمان پر گزشتہ سماعت پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، ملزمان نے عدالت کے روبرو صحت جرم سے انکار کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق آر جے شاپنگ مال میں 2023 میں آگ لگی تھی، اور آتشزدگی کے باعث 11 جاں بحق جب کہ کئی افراد جھلس گئے تھے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شاہراہِ فیصل میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تحقیقاتی صحافت پریقین رکھنے والے فاروق سمیع اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، دہشت گردی، سیاست اورعدالتوں سے منسلک خبروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔


