کراچی(25 مارچ 2026): کراچی کے علاقے گلشن معمار میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے قتل اور سنگین جرائم میں ملوث انتہائی مطلوب ڈاکو اظہر علی عرف اظہرو کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزم گلشن معمار کے علاقے ہندو گوٹھ میں ایک شہری سے واردات کر کے فرار ہو رہا تھا کہ پولیس نے تعاقب کے بعد اسے رنگے ہاتھوں دھر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، تین موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم اظہر نے گزشتہ سال 27 اکتوبر کو لاڑکانہ کی پولیس چوکی ‘بقا پور’ پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کیا تھا۔ اس حملے کا مقصد اپنے ایک مطلوب ساتھی، کامران صدام کو پولیس کی تحویل سے چھڑوانا تھا۔
حملے کے دوران ملزم نے فائرنگ کر کے چوکی انچارج کو شہید کر دیا تھا اور اپنے ساتھی کو چھڑا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے تھانہ دڑی سٹی میں درج ہے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 10 کارندوں پر مشتمل ایک منظم گینگ کا حصہ ہے۔ ایس ایس پی طارق الٰہی مستوئی کے مطابق یہ گینگ قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ پولیس ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


