کراچی : ڈیفنس فیز ٹو میں 2 ملزمان کمپنی کے رائیڈر سے 20 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں گزشتہ روز ڈکیتی کی ایک بڑی واردات سامنے آئی ہے، جہاں دو مسلح ملزمان ایک نجی کمپنی کے رائڈر سے 20 لاکھ روپے کی خطیر رقم چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ متاثرہ شہری نے صدر کے ایک نجی بینک سے رقم نکالی تھی اور وہ وہاں سے روانہ ہوا تھا۔ ملزمان بینک سے ہی شہری کا پیچھا کر رہے تھے، رائیڈر ڈیفنس فیز 2 کے قریب فون سننے کے لیے ایک جگہ رکا، اسی دوران پیچھا کرنے والے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسے گھیر لیا اور ملزمان اسلحہ کے زور پر 20 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں ملزمان کو واضح طور پر لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کر لی گئی ہے ، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی انہیں قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔
ڈیفنس جیسے حساس علاقے میں دن دیہاڑے ہونے والی اس واردات نے شہریوں میں ایک بار پھر عدم تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


