کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نوجوان کو قتل کرنے والے ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر زندہ جلا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 7 بلوچ گوٹھ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر شہری کو گولی ماری، فائرنگ کی آواز سن کر لوگ جمع ہوئے تو ڈاکو فرار ہونے لگے اس دوران ایک ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا۔
مشتعل عوام نے ڈاکو کو بجلی کے کھمبے سے باندھ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اس کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو جلتا رہا، بچنے کے لیے ہاتھ پاؤں مارتا رہا اور لوگ ویڈیو بناتے رہے، پولیس اہلکار نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی لیکن تب تک ڈاکو کی مر چکا تھا۔
غفلت برتنے پر ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن یوسف مہر کو معطل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا تیسرا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، پولیس کی مدعیت میں مقدمہ 30 سے 35 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر سیون ایف میں یکم دسمبر صبح 8 بجے اطلاع ملی جب نفری موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا 2 ڈاکوؤں نے عبدالحنان نامی شخص کو قتل کیا، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگادی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈاکو کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


