کراچی (23 دسمبر 2025): شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں ایوب گوٹھ میں ایک ملک شاپ پر ڈاکو واردات کرتے ہوئے دودھ سے بھری ٹنکی اٹھا کر لے گئے۔
اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں کار سوار ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، گاڑی سے 2 ملزمان باہر نکلے اور دودھ سے بھری ٹنکی چوری کرنے کی کوشش کی۔
ملک شاپ کے باہر مشکوک افراد کی موجودگی پر دکان دار باہر آیا، اور ملزمان کی واردات کو ناکام کرنے کی کوشش کی لیکن کار سوار ڈاکوؤں نے ملک شاپ مالک کو اسلحے سے دھمکایا اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا، اور اسلحے کے زور پر دودھ سے بھری ٹنکی چھین کر فرار ہو گئے۔
دریں اثنا، کراچی کے علاقے کیماڑی کے مختلف مقامات پر رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا ہے، جس میں داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے گھروں کی تلاشی لی گئی، ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق سرچ آپریشن شیر شاہ، مدینہ کالونی اور بلدیہ کے علاقوں میں کیا گیا۔
اس آپریشن میں 14 مشتبہ و مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، زیر حراست افراد کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، 3 جرائم پیشہ ملزمان کو شیر شاہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ملزمان کی شناخت عامر، ریاض اور ماجد کے نام سے ہوئی۔
سرچ آپریشن میں بند مشکوک مقامات اور ہوٹلوں کو مکمل طور پر چیک کیا گیا، چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے مشکوک افراد کا مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا گیا، آپریشن میں کیماڑی پولیس کی خواتین اہلکار بھی موجود تھیں۔


