کراچی(8 مئی 2026): کراچی کے علاقے موسمیات چورنگی کے قریب ایک گھر میں دن دہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی ہے۔
کراچی کے علاقے موسمیات چورنگی کے قریب ایک گھر میں دن دہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں مسلح ملزمان 10 تولہ سونا، 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ چار مسلح ڈکیت سفید رنگ کی گاڑی میں سوار ہو کر آئے اور گھر میں داخل ہوتے ہی اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے پورے گھر کی تلاشی لی اور سونے و نقدی کے ساتھ ساتھ گھر میں موجود لائسنس یافتہ ہتھیار اور دیگر قیمتی اشیاء بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حاصل شدہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


