کراچی : شہر میں دن دہاڑے ڈکیتی میں مزاحمت پر پروفیسر کی بیوی کو قتل کردیا گیا، ڈاکوؤں نے پرس چھیننے میں ناکامی پر گولیاں ماریں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پروفیسر کی بیوی کو سڑک پر گولی مار کر قتل کردیا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کو ڈکیتی میں مزاحمت پر گولی ماردی گئی۔
زخمی خاتون کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج ہی جان کی بازی ہار گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شازیہ نامی خاتون اکیلے گاڑی چلا رہی تھیں، جائے وقوعہ سے مقتولہ کے پرس کا ٹوٹا ہوا کلپ بھی ملا ہے۔ ٹوٹے ہوئے ہک سے لگتا ہے کہ ملزمان نے پرس چھیننے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے فائر کھول دیا۔
ایک گولی سر سے لگتے ہوئے گاڑی کی چھت پھاڑ کر نکل گئی، گاڑی کے پاس سے پرس کا ٹوٹا ہک اور تیس بور کا خول ملا ہے۔ مقتولہ شازیہ این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسرعلی رضا کی اہلیہ تھیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکےملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔