کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایک ہی دن میں تین ڈکتیوں کی وارداتیں ہوگئیں، شاہراہ قائدین پر نجی بینک لوٹ لیا گیا، اورنگی ٹاؤن میں شہری ایک لاکھ سے محروم کردیا گیا، پریس کلب کے سابق سیکرٹری نجیب احمد مرحوم کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکتیوں کی ہیٹ ٹرک ہوگئی، شاہراہ قائدین پر قائم ایک نجی بینک کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، پولیس کے مطابق بینک منیجر باہر کھڑا تھا کہ اسی دوران ڈاکو بینک سے باہر نکلے تو انہوں نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بینک مینجر عبدالرحیم موتی والا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ منیجر کی جانب سے فوری اطلاع دی جاتی تو کارروائی ضرور کرتے۔
وزیر اعلی سندھ نے بینک مینجر کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے، علاوہ ازیں صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کے بعد فیروز آباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں بینک سے رقم نکلوانے والا شہری ایک لاکھ روپے سے محروم کردیا گیا، ڈکیت واردات کے بعد ہائی روف میں بیٹھ کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
علاوہ ازیں ماڈل کالونی میں کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹیری نجیب احمد مرحوم کے گھر میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر نقدی زیورات اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔