کراچی(15 فرروی 2026): شہر قائد میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے جہاں ملزمان 15 تولہ سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
گڈاپ تھانے کی حدود میں سپر ہائی وے پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں مسلح ملزمان شہری کے گھر سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واردات ممتاز مولائی نامی شہری کے گھر میں ہوئی، موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان گھر میں داخل ہوئے، جن میں سے ایک کے پاس پستول اور دوسرے کے پاس چھری تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گھر والوں کو یرغمال بنا کر 15 تولہ سونا، نقدی اور موبائل فونز لوٹ لیے اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین سے شواہد جمع کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کے بیان کی روشنی میں ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


