کراچی کے علاقے گلشن اقبال مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں مرغی سپلائر اور دکاندار سے ڈکیتی کی ویڈیو سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ ملزمان نے دکاندار اور مرغی سپلائر کو لوٹ لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح ملزمان دکاندار اور مرغی سپلائر سے نقد رقم اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، ملزمان کے چہرے واضح ہونے کے باوجود پولیس کارروائی نہیں کررہی ہے۔
یہ پڑھیں: خواتین نے کاسمیٹکس کی نئی دکان میں پڑنے والی ڈکیتی ناکام بنا دی
واضح رہے کہ چند روز قبل کورنگی نمبر 6 مارکیٹ کے قریب کاسمیٹکس کی دکان میں خواتین نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ 4 ڈاکو کاسمیٹکس کی دکان میں داخل ہوئے، اس وقت دکان میں خواتین خریدار بھی موجود تھیں، انھوں نے بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا اور ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
عینی شاہد نے بتایا تھا کہ ڈکیتی کے وقت دکان میں خواتین کے ہمراہ بچے بھی تھے، ڈاکوؤں نے فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔


