کراچی (17 مارچ 2026): شہر قائد کے علاقے صدر کے ہوٹلوں پر چھاپوں کے دوران دبئی کے نائٹ کلبز کے لیے اسمگل کی جانے والی 32 خواتین بازیاب کرا لی گئیں۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے کراچی میں صدر کے ہوٹلوں پر چھاپے مارے ہیں، جن میں بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کا نیٹ ورک بے نقاب کیا گیا ہے، اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کی خاتون ملزمہ سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
چھاپوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 32 خواتین بازیاب کرائی گئیں، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اجمل نے بتایا کہ ملزمان ان خواتین کو ٹورسٹ ویزے پر لے جا کر دبئی کے نائٹ کلبوں میں ڈانس کرواتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق لڑکیوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی شامل کیا جاتا تھا، گینگ میں شامل خاتون کا کردار یہ تھا کہ وہ لڑکیوں کو بیرونی ممالک نوکری کا جھانسہ دے کر راضی کرواتی۔
کراچی میں جدید سسٹم کے تحت 23 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا انکشاف
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے، انسانی اسمگلروں کے اس نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔


