کراچی کے علاقے صدر موبائل مارکیٹ میں پارکنگ مافیا نے گھڑی فروش کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے صدر موبائل مارکیٹ میں پارکنگ مافیا نے پتھر مار کر گھڑی فروش کا سر پھاڑ دیا اور زخمی ہونے پر بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ شخص کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
زخمی عبدالجبار کئی سالوں سے صدر میں گھڑیاں فروخت کرتا ہے، متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ مجھ سے پارکنگ میں کھڑے ہونے کے زیادہ پیسے طلب کیے گئے اور کہا گیا کہ ایک گھنٹے سے زیادہ یہاں کھڑا نہیں ہونے دیں گے۔
عبدالجبار نے بتایا کہ روز سو روپے دیتا ہوں لیکن مجھ سے زیادہ پیسے مانگے گئے اور مغلظات بکی گئیں، پتھر اٹھا کر مجھے مارا میری موٹر سائیکل بھی توڑ پھوڑ دی۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ میرا موبائل فون بھی توڑ دیا، صبح میں آن لائن بائیک سروس چلاتا ہوں اور دوپہر میں یہاں آکر گھڑیاں فروخت کرتا ہوں۔
پولیس متاثرہ شہری کی موٹر سائیکل کو پریڈی تھانے لے گئی جبکہ شہری کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
بعدازاں پولیس نے واقعے کا مقدمہ متاثرہ گھڑی فروش عبدالجبار کی مدعیت میں درج کرکے تشدد میں ملوث اعظم انور کو گرفتار کرلیا۔