کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 مین شاہراہ پر اسکول وین مین ہول میں گر کر پھنس گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مین ہول اور انتظامیہ کی نااہلی حادثات کی وجہ بننے لگے ہیں آج عزیز آباد بلاک 2 کی مین شاہراہ پر اسکول وین مین ہول میں گر کر پھنس گئی۔
حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مین ہول میں پھنسی سکول وین کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِعام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسکول سے چھٹی کے بعد وین بچوں کو سوار کرکے مین سڑک سے گزر رہی تھی۔
شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسکول وین کو مین ہول سے باہر نکالا۔
یہ پڑھیں: کراچی: 3 سالہ بچہ مین ہول میں کیسےگرا، راہگیروں نے کیسی بے حسی دکھائی فوٹیج سامنے آگئی
واضح رہے کہ اپریل میں کراچی کے علاقے سپرہائی وے فقیرہ گوٹھ کے قریب مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی دلخراش سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی۔
فوٹیج میں بچے کے گرنے کے مناظر اور راہگیروں کی انتہائی بے حسی کو واضح طور پر دیکھا گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، معصوم بچہ سڑک پر اکیلا اپنے گھر کی جانب جا رہا تھا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ سڑک پر ایک ہی لائن میں چار مین ہولز کے ڈھکن غائب تھے، جن کے گرد نشاندہی کے لیے صرف بڑے پتھر رکھے گئے تھے۔ بچے نے ادھر ادھر دیکھتے ہوئے پہلا مین ہول تو پار کر لیا، لیکن جیسے ہی وہ دوسرے مین ہول کے قریب پہنچا، وہ سیدھا اس کے اندر جا گرا۔
جس وقت بچہ مین ہول میں گرا، سڑک پر کئی لوگ گزر رہے تھے۔ فیملی کے ساتھ جانے والا ایک موٹر سائیکل سوار رک کر واپس مڑا اور مین ہول کے قریب آیا، لیکن اس نے نیچے اتر کر بچے کو بچانے یا کسی سے مدد مانگنے کی زحمت تک نہ کی اور محض اندر جھانک کر خاموشی سے وہاں سے روانہ ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


