کراچی: سندھ حکومت نے سردی کے باعث تعلیمی اداروں کے اوقات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں تعلیمی ادارے 26 جنوری تک صبح 9 بجے کھلیں گے اور چھٹی مقررہ وقت پر ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے تمام سرکاری و نجی اسکول 2 ہفتوں کے لیے صبح 9 بجے کھولے جائیں گے، اسکولز کی بندش کا وقت معمول کے مطابق رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسکولز کے اوقات کار میں تبدیلی کے فیصلے کا اطلاق 26 جنوری تک رہے گا۔
سندھ حکومت ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے صبح 8 کے بجے 9 بجے کھلیں گے۔ نجی، سرکاری اسکولز اور کالجز سے فیصلے پر عملدرآمد کروائیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بتایا کہ یہ فیصلہ موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اسکول اور کالجز اب 19 جنوری سے کھلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی مشاورت اور سروے کے نتائج کو بھی پیش نظر رکھا گیا، جس میں 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی جبکہ صرف 13 فیصد نے 12 جنوری کے کھلنے کے حق میں ووٹ دیا۔



