منگل, اپریل 21, 2026
اشتہار

کراچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کا انکشاف ، سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں 75 سے زائد آبادیوں میں دہشت گردوں کی مبینہ موجودگی کی رپورٹ پرسیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، آٹھ اہم شاہراہوں پردہشت گردوں کی نقل وحرکت ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اسپیشل برانچ پولیس کی خفیہ رپورٹ میں بتایا کہ شہر کی 75 سے زائد آبادیوں میں کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 اہم شاہراہوں کے ذریعے دہشتگردوں کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی جبکہ اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والے راستوں کو بھی دہشتگردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

خفیہ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دہشتگردوں کا ہدف سی پیک منصوبے، سرکاری عمارتیں، دفاتر اور دیگر حساس مقامات ہیں، کالعدم تنظیموں بی ایل اے، بی ایل ایف سمیت دیگر گروہوں کے اتحاد کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ مجید بریگیڈ، سندھودیش لبریشن اور دیگر تنظیموں سے متعلق بھی اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگرد تنظیموں کے تین بڑے سربراہان کے نام بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ کالعدم ایس آر اے کے سربراہ اصغر علی شاہ اور ڈاکٹر شفیع برفت گروپ کی جانب سے دہشتگردوں کی حمایت جاری رکھنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرونی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے دہشتگردوں کی فنڈنگ کے شواہد بھی ملے ہیں جبکہ افغانستان سے جاری اسمگلنگ روٹس پر کڑی نظر رکھنے کی سفارش کی گئی ہے اور دہشتگردی کے لیے بعض طلبہ تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور سرحد پار سے موصول خفیہ اطلاعات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی اور ہر ضلع میں کوئیک رسپانس فورس کو الرٹ رکھا جائے گا۔

آئی جی سندھ نے سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ ضلعی پولیس کو بروقت انٹیلی جنس فراہم کی جائے جبکہ تمام افسران کو حساس مقامات کا خود جائزہ لینے اور فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا۔

مزید برآں روزانہ دو مرتبہ جنرل ہولڈ اپ اور اسنیپ چیکنگ یقینی بنانے اور گداگروں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں