جمعرات, فروری 19, 2026
اشتہار

100 سے زائد بچوں سے زیادتی کرنے والا سیریل ریپسٹ ساتھی سمیت گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (17 جنوری 2026): ایسٹ انویسٹگیشن ون کی خفیہ اطلاع پر رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی میں 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کرنے والا سیریل ریپسٹ ساتھی سمیت گرفتار ہو گیا۔

ایس پی انویسٹگیشن عثمان سدوزئی کے مطابق ایک متاثرہ بچے کی نشان دہی پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی ٹیپو سلطان میں کارروائی میں پکڑے جانے والے ملزمان میں مرکزی ملزم عمران اور وقاص خان شامل ہیں۔


کراچی پولیس کو 2020 سے 2025 تک 7 شکایات رپورٹ ہوئی تھیں، اور مختلف اضلاع کے کیسز میں ڈی این اے ایک ہی شخص کا ملا، 6 سال سے الگ کیسز میں ایک ہی ڈی این اے ملنے پر پولیس چونک گئی۔ عثمان سدوزئی کے مطابق تمام کیسز میں 12 سے 13 سال کے لڑکوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ایک کیس میں بچے سے 2 سے زائد افراد نے زیادتی کی۔


پولیس حکام کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے 6 جنوری کو ٹیم تشکیل دی تھی، یہ انوسٹیگیشن ٹیم ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کی سربراہی میں بنائی گئی تھی، اور پھر ایسٹ انویسٹیگیشن نے 11 روز کے اندر مطلوب ترین ملزمان کو گرفتار کیا۔

عثمان سدوزئی کے مطابق ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی ہے اور پنکچر کا ٹھیا لگاتا ہے، اس نے 6 سال میں درجنوں بچوں سے زیادتی کا اعتراف کر لیا ہے، عمران نے تمام بچوں کو ملیر ندی کے قریب لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمران بچوں کو موٹر سائیکل کا لالچ دے کر ساتھ لے جاتا تھا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ درج شدہ تمام 7 مقدمات میں ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا ہے، اور 3 کیسز میں بچوں نے ملزم عمران کو شناخت کر لیا ہے، ایک کیس میں بچے نے عمران اور ساتھی وقاص خان کو بھی پہچانا، ملزم ایک بچے کو وقاص کے ساتھ سرجانی بھی لے گیا تھا، اس وقت بچے نے شور مچایا تو دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔


پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، اور مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔


خیال رہے کہ ایس ایس پی انویسٹگیشن ملیر آصف بگیو، ایس ایس پی اے وی سی سی آصف رضا، ایس پی انویسٹگیشن کورنگی قیس خان، ایس پی انویسٹگیشن ایسٹ عثمان سدوزئی، ایس پی انویسٹگیشن ساؤتھ علی حسن بھی ٹیم میں شامل تھے، جب کہ کیس ایس پی انویسٹیگیشن ایسٹ ون عثمان سدوزئی نے حل کیا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں