کراچی: جناح اسپتال کی پارکنگ سے گاڑیوں کے سائیڈ گلاس اور بیٹریاں چوری کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شیشے چرا کر رنچھوڑ لائن کی مارکیٹ میں دکان داروں کو فروخت کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں گاڑیوں کے سائیڈ گلاس اور بیٹریاں چوری ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس میں پوری مافیا ملوث ہے، یہ مافیا شیشے چرا کر دکان داروں کو فروخت کرتی ہے جو عوام کو انہی کی چیزیں دوبارہ فروخت کرتے ہیں۔
اسی طرح صدر پولیس نے جناح اسپتال کی پارکنگ سے گاڑیوں کے سائیڈ گلاس اور بیٹریاں چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے سائیڈ گلاس برآمد کرلیے۔
نمائندہ اے آر وائی نذیر شاہ کے مطابق ملزم ایک گاڑی کا سائیڈ گلاس چوری کرکے بھاگ رہا تھا کہ اسے دھرلیا گیا،ملزم کے قبضے سے تین الگ الگ گاڑیوں کے سائیڈ گلاس اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
دوران تفتیش ملزم نے اعترافی بیان میں انکشاف کیا کہ وہ گاڑیوں کے شیشے چوری کرکے رنچھور لائن میں فروخت کرتا ہے اور فی شیشے کے عوض اسے 500 روپے ملتے ہیں چاہے گاڑی کسی بھی ماڈل کی ہو۔