کراچی: مائی کلاچی روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب ماں اور تین بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مائی کلاچی روڈ ریلوے پھاٹک کے قریب سے چار لاشیں برآمد ہونے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔
واقعے پر ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی کریں گے، کمیٹی میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن سائٹ غلام فاروقی، انسپکٹر ارشد تنولی، انسپکٹر محمد محمود، انسپکٹر محمد مسعود اور سب انسپکٹر شاہد ریاض شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ کمیٹی واقعہ کے پس پردہ حقائق کو سامنے لائے گی اور گرفتار ملزم سے بھی تفصیلی پوچھ گچھ کرے گی۔ اگر واقعہ میں کوئی اور بھی ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسد رضا نے مزید کہا کہ اگر ٹیم کو ساؤتھ زون کے کسی اور افسر کی خدمات درکار ہوں تو فراہم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں : ماں اور تین بچوں کو قتل کر کے لاشیں گٹر میں کیوں پھینکیں؟ ملزم کے تہلکہ خیز انکشافات
واضح رہے کراچی کے علاقے مائی کلاچی میں ایک گٹر سے چار لاشیں برآمد ہوئی تھیں، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کی شناخت انیلا کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دیگر لاشیں ان کے بچوں کی ہیں جن کے نام کونین زہرہ، کشور زہرہ اور حسنین تھے۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون طلاق یافتہ اور کھارادر کی رہائشی تھی خاتون اور بچے کھارادر کے ایک ہوٹل میں رہائش پذیر تھے۔
بعد ازاں پولیس نے مرکزی ملزم منصور کو حراست میں لیا تھا اور ابتدائی تفتیش کے دوران ہی ملزم نے خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا اعتراف کیا۔


