کراچی (20 مئی 2026): سندھ اسمبلی میں غیر قانونی جرگوں اور متوازی انصاف کے خلاف بل پیش کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں غیر قانونی جرگوں اور متوازی انصاف کے خلاف بل پیش کر دیا گیا۔ نجم مرزا نے سندھ پروہبیشن آف ان لا فل جرگاز بل 2026 جمع کرا دیا۔
یہ بل غیر قانونی جرگوں، پنچایتوں اور خود ساختہ انصاف کے خاتمے کے لیے اہم قانون سازی کی بنیاد ہے۔ بل کے تحت قتل، تشدد اور اجتماعی حملوں پر اکسانے والے فیصلوں کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے۔
بل کے متن کے مطابق گاؤں جلانے، گھروں کو آگ لگانے اور اجتماعی سزا کے فیصلوں پر سخت کارروائی ہوگی۔ سوشل بائیکاٹ، جبری بے دخلی اور بنیادی سہولتوں سے محروم کرنے کے فیصلے بھی قابل گرفت ہوں گے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ جبری شادی، زبردستی طلاق، پسند کی شادی پر سزا اور انسانوں کا تبادلہ جرم تصور ہوگا۔ پولیس یا عدالت تک رسائی روکنے اور ایف آئی آر واپس لینے کیلیے دھمکانے پر کارروائی ہو گی۔ ہر شہری کو مذہب، ذات، برادری اور جنس سے بالاتر ہو کر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
جیکب آباد میں پسند کی شادی پر پورا گاؤں جلا دیا گیا
واضح رہے کی چند روز قبل جیکب آباد ضلع میں پسند کی شادی کرنے کے جرم میں ملزمان نے پورے گاؤں کو جلا ڈالا تھا۔
جیکب آباد میں پسند کی شادی پر گاؤں جلانے کا کیس، علاقہ سردار گھٹنوں پر آ گئے


