کراچی : سائٹ غنی چورنگی کے قریب رنگ بنانے کی فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے غنی چورنگی کے قریب فیکٹری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، رنگ بنانے والی فیکٹری میں لگی آگ نے قریب ہر چیز کو جلا کر راکھ کردیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے شہر بھر سے فائربریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئیں، فائربریگیڈ حکام نے
آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا۔
اس حوالے سے ترجمان رینجرز نے میڈیا کو بتایا کہ رینجرز کے جوان ریسکیو ٹیموں کے ساتھ آگ بجھانے میں مصروف عمل ہیں، رینجرز کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو حصار میں لے لیا۔
سندھ رینجرز کے مطابق واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس اور مزید فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں، دوسری جانب فیکٹری میں آگ لگنے سے ایک شخص کے جھلس کر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ فیکٹری کے مختلف حصوں میں لگی ہے جس پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے جس کے بعد کولنگ کا عمل ہوگا۔