کراچی: شہر قائد میں دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں چھ سالہ بچی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دلخراش واقعہ کورنگی میں پیش آیا، بچی کی شناخت چھ سالہ ماہم کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ بچی کے والد نے دلخراش روداد بتائی کہ بیٹی گذشتہ رات نو بجے زمان ٹاؤن سے لاپتہ ہوئی، بچی کی گمشدگی کی رپورٹ زمان ٹاؤن تھانے میں دی گئی۔
والد کے مطابق رات بھر ماہم کی تلاش جاری رکھی مگر تمام کوششیں ناکام رہیں، آج میری بیٹی کی تشدد زدہ لاش کچراکنڈی سے ملی۔غم سے نڈھال ماہم کے ورثا نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ بیٹی کی گمشدگی پر پولیس نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا، رپورٹ درج کرانے کے لئے متعلقہ تھانے گئے تو اہلکاروں نے کہا کہ آپ لوگ ذہنی مریض ہیں، ہمارا وقت خراب نہ کریں اور پولیس اسٹیشن سے چلے جائیں۔
یاد رہے چند سال قبل پنجاب کے ضلع قصور میں بھی ننھی زینب کو زیادتی کے بعد قتل کرکے اس کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینکا گیا تھا، سوشل میڈیا پر بچی کی تصاویر تیزی سے وائرل ہوئی تھی۔
بعد ازاں ننھی زینب کے قاتل عمران کو گرفتار کیا گیا، ڈی این اے میچ ہونے پر ملزم کو پھانسی دے دی گئی تھی۔