عید قرباں: کراچی میں ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح karachi
The news is by your side.

Advertisement

کراچی: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح

کراچی: عید قرباں کی مناسبت سے شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں قائم ہونے والی ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا افتتاح کردیا گیا۔

مویشی منڈی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی مالکانی نے کہا کہ ’ملک بھر سے بیوپاریوں کا کراچی میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے آنا شہر کی معاشی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، شہر قائد اور سندھ کے لیے بیوپاریوں کی میزبانی بہت بڑا اعزاز ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اور بلدیاتی حکومت منڈی کی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہیں اور مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات اطمینان بخش ہیں اور امید ہے خریداروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

محمد علی مالکانی نے کہا کہ کراچی کے شہری مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے جانوروں کی خریداری دل کھول کر کرتے ہیں اور اچھے سے اچھا جانور خریدنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ منڈی میں سندھ ویٹرینری ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے12 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیم تعینات کی گئی ہے جو دن رات کام کرے گی اور کم از کم چار ڈاکٹرز ہمہ وقت موجود ہوں گے۔ انہوں نے منڈی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے لوگوں کی بھلائی میں دلچسپی لی تاکہ وہ خرید و فرخت کے عمل میں بھر پور حصہ لے سکیں۔

اس موقع پر منڈی کے ایڈمنسٹریٹر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام اور بیوپاریوں کو خریداری میں آسانی اور تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے صدربریگیڈیئر وسیم بھٹی نے کہا :”ایک مختصر وقت میں اتنی بڑی منڈی کے لیے جگہ کا تیار کرنا اور اتنی سہولتیں مہیا کرنا مشکل کام تھا لیکن شہری اور صوبائی حکومت کے تعاون سے یہ مرحلہ بخوبی طے کر لیا گیا اور یہ خوش آئند بات ہے کہ ہم نے تمام مقاصد بروقت حاصل کرلیے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس با ت کویقینی بنایا ہے کہ تاجروں اور لوگوں کی سہولت کے لیے جو انتظامات کیے گئے  انہیں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ  ’’میں منڈی کے منتظم ارشاد احمد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے مختصر وقت میں منڈی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ منڈی کو عید تک مؤ ئر طریقے سے چلانے میں کامیاب ہو نگے اور لوگوں کو بہترین خدمات فراہم کرینگے”۔

منڈی کے منتظم سید ارشاد احمد نے خطاب کرتے ہوئے بتایا  کہ اس سال مویشی منڈی 800 ایکٹر پر قائم کی گئی ہے، جس میں گائے منڈی، بکرا منڈی اور اونٹ منڈی کے لیے علیحدہ علیحدہ جگہ مختص گئی ہے، ملک بھر سے تاجر پہلے سے ہی منڈی میں اپنے مویشی لا رہے ہیں ۔

 منتظم نے مزید کہا کہ فی مویشی 16 لیٹر پانی روزانہ اور منڈی میں مناسب روشنی کیلئے بجلی کی فراہمی مفت ہے اسکے علاوہ عوام کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر پبلک ٹوائلٹس بھی بنائے گئے ہیں جبکہ منڈی میں آنے والوں کے لئے پارکنگ مفت ہے۔

تصاویر دیکھیں


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں