ہفتہ, جون 13, 2026
اشتہار

سندھ حکومت کے پولیو کے خلاف سخت اقدامات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر کی 89 یونین کونسلوں میں جاری خصوصی ‘پولیو بوسٹر مہم’ اپنے ساتویں روز میں داخل ہو گئی، ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبے کے 20 اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے دن بھی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔

کراچی کی 89 یونین کونسلوں میں جاری خصوصی ‘پولیو بوسٹر مہم’ اپنے ساتویں روز میں داخل ہو گئی ہے۔

سندھ انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت مہم کے پہلے روز صوبے کے 20 اضلاع میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 70 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، پہلے روز سب سے زیادہ فعال کارکردگی لاڑکانہ ڈویژن میں دیکھی گئی، جہاں ریکارڈ 4 لاکھ 88 ہزار بچوں کو ویکسین دی گئی۔

کراچی کی گنجان آبادی اور نقل و حرکت کی وجہ سے شہر کو ہائی رسک قرار دیتے ہوئے 89 یونین کونسلز میں بوسٹر مہم چلائی جا رہی ہے، جو 24 مئی تک جاری رہے گی ، تربیت یافتہ ٹیمیں مخصوص سائٹس پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور اب تک 14 لاکھ بچوں کو بوسٹر ڈوز دی جا چکی ہے۔

اس مہم کے تحت کراچی میں 18 لاکھ بچوں کو بوسٹر ڈوز دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کے آخری دو دن ان بچوں کے لیے وقف ہوں گے جو کسی وجہ سے قطرے پینے سے محروم رہ گئے تھے۔

اسٹریٹ چلڈرن، کچی آبادیوں اور دور دراز کے علاقوں تک رسائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہوں نے اب تک 6 ہزار سے زائد بچوں کو کور کیا ہے۔

ان ہائی رسک علاقوں میں شفا ٹرسٹ کے تعاون سے ویکسینیشن کروانے والے بچوں کو کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ والدین کو قائل کیا جا سکے۔

سندھ انسدادِ پولیو پروگرام کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ بوسٹر ڈوز عالمی ادارۂ صحت کی سفارش کردہ ہے اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن سمیت ماہرینِ اطفال نے بھی اس کی مکمل حمایت کی ہے۔ اس سے قبل لاہور میں بھی بچوں کو کامیابی سے یہ بوسٹر ڈوز دی جا چکی ہے تاکہ وائرس کی افزائش کو روکا جا سکے۔

حکام نے والدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ویکسین سے متعلق پھیلنے والی افواہوں اور غلط معلومات کو یکسر مسترد کریں اور صرف مستند طبی مشوروں اور سائنسی حقائق پر اعتماد کریں ، ہر ویکسین شدہ بچہ پاکستان کو پولیو سے پاک مستقبل کے قریب لا رہا ہے، اور ہر اہل بچے کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں