کراچی: گلشن حدید میں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا، واقعے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔
کراچی میں گلشن حدید کے علاقے میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق شخص کی شناخت 55 سالہ ذوالفقار لاشاری کے طور پر ہوئی ہے تاہم واقعے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔
پولیس حکام نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے حادثے کے بعد علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
یاد رہے چند روز قبل کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن مسلم کالونی میں ایک تیز رفتار منی بس کی ٹکر سے پانچ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں : کراچی : تیز رفتار منی بس نے 5 سالہ بچے کو کچل دیا
پولیس نے بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برہان گھر کے قریب کیبن سے چیز لینے کے لیے باہر نکلا تھا۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ بس نے بچے کو کچل دیا اور بس ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا۔
متاثرہ خاندان نے سڑکوں کی خراب حالت اور بس ڈرائیورز کی غفلت کو حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا۔
اہل خانہ کے مطابق بس ڈرائیور ٹوکن کے لیے ریس لگاتے ہیں اور بعض اوقات کنڈیکٹر کو بھی بس چلانے دیتے ہیں، جس سے ایسے حادثات معمول بن گئے ہیں۔
پولیس نے بس کو تحویل میں لے لیا ہے اور فرار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے یکم جنوری سے اب تک شہر میں ٹریفک حادثات میں دس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں دو خواتین، ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہیں۔


