کراچی : نیو کراچی دومنٹ چورنگی کے قریب ٹریلر کی زد میں آکرموٹرسائیکل سوار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور لاش اور زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر موجود مشتعل افراد نے ٹریلر کو روک لیا اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ڈرائیور کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
علاقے میں صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل ہجوم سے ڈرائیور کو چھڑایا اور اسے زخمی حالت میں اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے حادثے کا سبب بننے والے ٹریلر کو بھی ضبط کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔


