کراچی : تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے دو سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کے والد اور والدہ زخمی ہو گئے، متاثرہ خاندان لیاری کھڈہ مارکیٹ کا رہائشی تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور کسٹم کالونی روڈ پر تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دو سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کے والد اور والدہ زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مبینہ طور پر تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہو کر موٹر سائیکل پر سوار خاندان پر چڑھ گیا۔
حادثے میں دو سالہ منان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ اس کے ماں باپ زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان لیاری کھڈہ مارکیٹ کا رہائشی تھا اور رشتے داروں کے گھر سے واپس آ رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
ماڑی پور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ دار ٹرالر ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کر لیا جبکہ ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


