کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے خاتون ایس ایس پی کے بیٹے خبیب اور پولیس اہلکار میں صلح ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزم خبیب کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
ملزم خبیب کا کہنا تھا کہ نجی گاڑیاں کھڑی کر کے ناکہ لگایا گیا تھا، کوئی پولیس موبائل نہیں تھی، خود کو ایس ایچ او ظاہر کرنے پر پولیس والوں کو بتایا میں ایس ایس پی کا بیٹا ہوں۔
ملزم خبیب نے الزام لگایا کہ اس کے گارڈز پر تشدد بھی کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ساؤتھ انویسٹی گیشن حکام کا کہنا تھا کہ وکلا ملزم خبیب کی ضمانت کے لیے تھانے آئے تھے، قانونی کارروائی کے بعد ملزم کو رہا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی: پولیس سے بدتمیزی کرنے والا ایس ایس پی کا بیٹا ضمانت پر رہا
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز سیون میں اسنیپ چیکنگ کے دوران خاتون پولیس افسر کے بیٹے نے اہلکار سے بدتمیزی کی تھی۔
گاڑی روکنے پر خاتون پولیس افسر کا بیٹا آپے سے باہر ہوگیا اور سب انسپکٹر شاہزان شکیل کا گریبان پکڑ کر بدکلامی کی تھی۔
نوجوان نے گاڑی پر پولیس لائٹس (ہوٹر)اور پولیس نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، گاڑی میں دو پرائیویٹ گارڈ بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کےحکم پر ایس ایس پی ساؤتھ نے لڑکے کوحراست میں لے کر گاڑی تحویل میں لی تھی۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


