کراچی(8 نومبر 2025): شہر قائد کے علاقے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں ایس ایس یو اہلکار نے بیکری ملازم پر تشدد کیا ہے۔
کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے اہلکار کی جانب سے ایک اور شہری پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
یہ واقعہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ سوسائٹی میں پیش آیا جہاں میں ایس ایس یو اہلکار نے بیکری ملازم پر تشدد کیا، تلخ کلامی پر اہلکار نے بیکری ملازم کو تھپڑ مارا۔
ویڈیو میں اہلکار اور اس کی سرکاری گاڑی دیکھی جاسکتی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو موصول ہوئی ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 22 اکتوبر کو کراچی میں ایس آئی یو پولیس کی حراست میں مبینہ تشدد سے نوجوان عرفان جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ پولیس سرجن نے بتایا تھا کہ نوجوان عرفان کے پوسٹ مارٹم میں جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔
ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد دو اہلکاروں (اے ایس آئی عابد شاہ اور کانسٹیبل آصف علی) کو گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم کیس کو دفعہ 302 (ارادتاً قتل) میں تبدیل کریں گے اور مزید ایس آئی یو اہلکار ملوث ہوئے تو انہیں بھی گرفتار کریں گے۔
ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے تصدیق کی کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں متوفی عرفان پر تشدد کے شواہد پائے گئے تھے۔


