پیر, مارچ 16, 2026
اشتہار

کراچی : اسٹیم ایکسپو 2026 کا انعقاد ، 300 سے زائد اسکولوں کے طلبا کی شرکت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : اسٹیم ایکسپو 2026 کا انعقاد کیا گیا ، جس میں 300 سے زائد سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبا نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین غلام حسین سوہو کی نگرانی میں اور نجی اسکولوں کی مینجمنٹ تنظیم او پی ایس ایم و دیگر اسکولز ایسوسی ایشنز کے تعاون سے اسٹیم ایکسپو 2026 کا انعقاد جناح گورنمنٹ کالج ناظم آباد میں کیا گیا۔

جس میں کراچی اور اندرونِ سندھ سے 300 سے زائد سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ نے شرکت کی اور اپنے سائنسی و تخلیقی منصوبوں کے اسٹالز لگائے۔

مہمانِ خصوصی سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ محمد عباس بلوچ نے ایکسپو کا دورہ کیا اور طلبہ کے پروجیکٹس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام ہر سال منعقد ہونے چاہئیں تاکہ طلبہ میں خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔

چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو نے بھی مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام محض ایک نمائش نہیں بلکہ ایک قومی تعلیمی تحریک ہے جس کا مقصد طلبہ کو عملی تجربات، تحقیق اور تخلیقی سوچ کی جانب راغب کرنا ہے۔

انہوں نے ایکسپو کو تعلیمی اصلاحات اور جدت طرازی کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا اور کامیاب انعقاد پر تمام اسکولز، اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

اسٹیم ایکسپو میں سیکریٹری ڈاکٹر نوید احمد، ناظم امتحانات محمد ضیاء الحق، اراکینِ صوبائی اسمبلی، سندھ ٹیکنیکل بورڈ اور دیگر تعلیمی اداروں کے نمائندگان سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

او پی ایس ایم کے سربراہ معراج صدیقی نے کہا کہ تنظیم ہر سطح پر ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے میٹرک بورڈ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے شریک طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا گیا۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں