کراچی : شہر قائد میں 2026 میں ایک ہفتے کے دوران آوارہ کتوں نے 1100 سے زائد شہریوں کو کاٹ لیا، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف گلیوں، محلوں اور بازاروں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہے۔
نئے سال کے آغاز سے ہی ڈاگ بائیٹ کے کیسز میں خوفناک اضافہ دیکھا گیا ہے اور صرف 2026ء کے ابتدائی چھ دنوں میں 1,125 سے زائد مریض مختلف اسپتالوں میں رپورٹ ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا انڈس اسپتال میں 300، جناح اسپتال میں 182، سول اسپتال میں 305، قطر اسپتال میں 149 اور لیاقت آباد اسپتال میں 128 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ عباسی شہید اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد، اور دیگر نجی اسپتالوں میں بھی متعدد کیسز سامنے آئے ہیں۔
جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان نے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک سگ گزیدگی کے دو سو پچاس سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کتوں کی نیوٹرلائزیشن میں کافی وقت لگے گا اور اگر کوئی کتوں کو مارنے کی کوشش کرے تو چند افراد عدالت چلے جاتے ہیں۔
پچھلے سال کراچی کے بڑے اسپتالوں میں 20 افراد ریبیز کے باعث جاں بحق ہوئے تھے۔
سگ گزیدگی کے کیسز کی بڑی تعداد رپورٹ ہونے کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے موثر اقدامات سامنے نہیں آتے جو شہریوں میں خوف کی علامت بن چکے ہیں۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


