کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں سفیان نامی نوجوان کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 3 میں 18 نومبر کو فائرنگ سے نوجوان سفیان کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس نے قتل کی واردات میں سہولت کاری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی کورنگی کامران خان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت نواز کے نام سے ہوئی، ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے،گرفتار ملزم نواز مرکزی ملزم شاہزیب کا رشتے میں چاچا لگتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم شاہزیب نے قتل کے بعد اسلحہ چاچا نواز کو دیا تھا، دوران تفتیش ملزم نے بتایا شاہزیب واردات کے بعد میرےگھر آیا تھا۔
گرفتار ملزم نے بیان میں کہا کہ شاہزیب نے مجھے اسلحہ نالے میں پھینکنے کا کہا تھا، پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔
واضح رہے کہ 18 نومبر کو کراچی کے علاقے کورنگی 3 نمبر میں دوست نے دوست کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ مقتول سفیان کا اپنے دوست شاہزیب سے جھگڑا ہوا تھا، مقتول اپنے دوست کے ساتھ اس کے گھر پر بیٹھا تھا۔