کراچی: کیماڑی کے علاقے میں فلیٹ سے 16سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے کی اصل کہانی سامنے آگئی ، سابق منگیتر ہی قاتل نکلا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کیماڑی کے علاقے جیکسن میں فلیٹ سے 16 سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش ملنے کے سنسنی خیز کیس کا ڈراپ سین ہو گیا۔
تفتیشی ٹیم جیکسن نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کیس کے مرکزی ملزم فیضان کو گرفتار کر لیا ہے، جو مقتولہ کا قریبی رشتہ دار اور سابق منگیتر ہے۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ ملزم فیضان مقتولہ سے منگنی ختم ہونے اور دوسری جگہ منگنی طے پانے پر شدید رنجش رکھتا تھا۔
وقوعہ کے روز جب مقتولہ کی والدہ اپنی ملازمت پر گئی ہوئی تھیں اور لڑکی گھر میں اکیلی تھی، تو موقع کا فائدہ اٹھا کر ملزم فلیٹ میں داخل ہوا، ملزم نے لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد میں اس کا گلا دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ملزم نے جرم چھپانے کے لیے مقتولہ کی لاش کو پھندے سے لٹکا کر خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
ملزم مقتولہ کے خاندان کے ہمراہ اسی رہائشی عمارت کی بالائی منزل پر مقیم تھا اور وقوعہ کے بعد شک سے بچنے کے لیے خود پولیس کے ساتھ مل کر ‘نامعلوم ملزمان’ کی تلاش اور تفتیش کا ناٹک بھی رچایا۔
ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا، تاہم سائنسی اور روایتی تفتیش کے بعد سچائی سامنے آنے پر ملزم کو دھر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرم کا اعتراف کرانے اور مزید تفتیش کے لیے ملزم کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔


