کراچی(15 جولائی 2026): شہر قائد کے علاقے میں ڈاکٹر آکاش کے قتل کے کیس میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے واردات میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق پولیس نے جدید تکنیکی مہارت اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے محض 36 گھنٹوں کے اندر ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں دبوچا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سریش، رام چند اور انیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ ڈاکٹر آکاش کا قتل ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے۔ ملزمان نے بینک سے رقم نکالنے کے بعد ڈاکٹر آکاش کی ریکی کی اور پھر انہیں لوٹنے کی کوشش کی، جس کے دوران مزاحمت پر گولی چلا دی گئی۔ واردات میں ایک گاڑی اور دو موٹر سائیکلیں استعمال کی گئی تھیں اور ملزمان واقعے کے بعد ملیر سٹی اور قائد آباد کی جانب فرار ہو گئے تھے۔
Dr Akash Murder: Hyderabad Police arrest two accused
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق، گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جن کا تعلق اندرون سندھ سے ہے جبکہ وہ قائد آباد میں رہائش پذیر تھے۔ ڈکیتی کے دوران قتل کی اس واردات کی تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کی۔
اسد رضا کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال ڈکیتی کے دوران قتل کے 85 فیصد کیسز حل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ گرفتار ملزمان کے دیگر فرار ساتھیوں کو بھی جلد ہی قانون کے شکنجے میں لے لیا جائے گا۔


