کراچی: بے قابو خونی ٹینکر نے 12 سالہ لڑکے کو کچل ڈالا ، پولیس نے فرارہونے والے ٹینکرڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سو کوارٹرز بنگالی پاڑا کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی۔
حادثے کے فوراً بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور واٹر ٹینکر کو گھیر لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
پولیس نے فرارہونے والے ٹینکرڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کراچی میں بے قابو ڈمپر اور واٹر ٹینکر شہریوں کے لیے خوف کی علامت بن چکے ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے یہ ہیوی وہیکلز سڑکوں پر کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں، جس کے سبب شہریوں کی جانیں مسلسل خطرے میں رہتی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں برس ٹریفک حادثات میں سات سو سے زائد افراد جاں بحق جبکہ دس ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
حادثات میں سب سے زیادہ نقصان موٹرسائیکل سواروں اور راہگیروں کو ہوا، جنہیں تیز رفتار گاڑیوں اور ہیوی وہیکلز نے کچلا، اب تک واٹر ٹینکر تلے دب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ستاون ہوگئی ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


