کراچی: شہرِ قائد میں چمڑے کے تاجروں نے نان فائلرز سے کھالیں نہ خریدنے کا اعلان کر دیا، ٹینرز کا کہنا ہے کہ فائلرز اور رجسٹرڈ بیوپاریوں سے کھالیں خریدی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ٹینرز نے اعلان کیا ہے کہ صرف فائلرز سے کھالیں خریدی جائیں گی، عید قرباں پر بھی نان فائلرز سے کھالوں کی خریداری نہیں کریں گے۔
تاہم چمڑے کے تاجروں کا یہ بھی مؤقف ہے کہ اگر حکومتی فیصلے میں لچک ہوئی تو عید قرباں پر نان فائلرز سے کھالیں خریدیں گے۔
ٹینرز نے کہا ہے کہ زیرو ریٹنگ ختم کر کے صنعت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، پیداوار کا 95 فی صد تک برآمد کرنے والوں پر زیرو ریٹنگ ختم کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نان فائلرز کی گنجایش آئین میں بھی نہیں، سب کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے: شبر زیدی
ادھر آل پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 5 فی صد کے لیے 95 فی صد کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے، بر وقت اقدامات نہ کیے گئے تو عید قرباں پر لاکھوں کا نقصان ہوگا۔
واضح رہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ نان فائلرز رہنے کی گنجایش آئین میں بھی نہیں ہے، ہم ٹیکس نہ دینے کے نظام کے سامنے کھڑے ہو گئے ہیں، پاکستان کی غیر دستاویزی معیشت کو سیدھا کرنے کا مشن شروع کر دیا ہے۔
شبر زیدی نے کہا کہ ہم نے نان فائلر کا لفظ قانون سے مٹا دیا ہے، نان فائلر کو نوٹس دیں گے اور ان سے ٹیکس لیں گے، تکنیکی طور پر نان فائلر کرمنل کہلاتا ہے۔