ہفتہ, مئی 16, 2026
اشتہار

کراچی : نارمل اسپیڈ میں جاتی گاڑی اچانک سڑک میں کیسے دھنسی؟ ویڈیو منظرِ عام پر آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : طارق روڈ پر نارمل اسپیڈ میں جاتی گاڑی اچانک سڑک میں دھنسنے کی لرزہ خیز سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آگئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مصروف ترین کاروباری مرکز طارق روڈ پر پیش آنے والے خوفناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ایک نارمل رفتار میں چلتی گاڑی اچانک زمین میں سماگئی۔

منظرِ عام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طارق روڈ کے فاسٹ ٹریک پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق تھی، ایک سڑک بالکل خشک ہے جبکہ سامنے والی سڑک پر پانی کھڑا ہے۔

فوٹیج میں ایک موٹر سائیکل سوار کے گزرنے کے چند سیکنڈز بعد ہی ایک سفید کار نارمل اسپیڈ میں آتی ہے اور جیسے ہی کار ایک مخصوص مقام پر پہنچتی ہے، اچانک سڑک بیٹھ جاتی ہے اور گاڑی کو ایک زوردار جھٹکا لگتا ہے۔

دیکھتے ہی دیکھتے کار آہستہ آہستہ پانی سے بھرے گڑھے میں ڈولنے لگتی ہے اور زمین میں دھنستی چلی جاتی ہے۔

سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی دھنستے ہی اطراف میں موجود راہ گیروں کی بڑی تعداد دیوانہ وار مدد کے لیے دوڑی، پانی کے دباؤ اور گڑھے کی گہرائی کی وجہ سے گاڑی کے دونوں دروازے مکمل طور پر جام ہو چکے تھے، جس نے ریسکیو کے عمل کو مزید مشکل بنا دیا۔

گاڑی میں دو خواتین اساتذہ (ٹیچرز) اور ڈرائیور سوار تھے۔ فوٹیج میں مقامی لوگوں اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو گاڑی کے گرد جمع ہو کر جدوجہد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تاہم خوش قسمتی سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو شیشے توڑ کر یا دروازے کھول کر بحفاظت نکال لیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے میئر کراچی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے "کرپشن اور ناقص تعمیرات” کا شاخسانہ قرار دیا ہے، جبکہ انتظامیہ اس کا ملبہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ پر ڈال رہی ہے۔

+ posts

نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں