کراچی ٹیسٹ: طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کا خواب پورا ہوا، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فواد عالم نے ہوم گراؤنڈ میں سینچری جڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں فواد عالم نے پہلے پہل اظہر علی کے ساتھ ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا شکار ٹیم بچایا، اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر نہ صرف جنوبی افریقہ کی برتری کا خاتمہ کیا بلکہ اپنے کیریئر میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے تاریخی سینچری بناڈالی۔
فواد عالم کی اس تاریخ ساز اننگز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فواد عالم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، انہوں نے آٹھ ٹیسٹ میچز میں 500 رنز مکمل کئے، ٹیسٹ میچز میں ان کے رنز بنانے کی اوسط 41.6 رہی ہے۔
SIX!!! @iamfawadalam25 brings up his 💯 in style 🙌
Watch #PAKvSA Live: https://t.co/f9MKWY0Mje#HarHaalMainCricket #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/bRsr2vBHY6
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 27, 2021
واضح رہے کہ اس سے قبل فواد عالم نے گذشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سینچری اسکور کی تھی، فواد عالم کی اس سینچری نے کئی ریکارڈ پاش پاش کئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد عالم کی سینچری کے چرچے
اس سینچری کی بدولت فواد عالم کیویز کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری جڑنے والے وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین بنے اس کے علاوہ غیر ایشیائی کنڈیشنز کی چوتھی اننگز میں کریز پر سب سے زیادہ رکنے والے پاکستانی بیٹسمین کے طور پر بھی اپنا نام درج کرایا تھا۔اس کے علاوہ فواد عالم 360 سے زائد منٹ کریز پر موجود رہے جو رواں صدی میں ایشیا سے باہر کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ وقت ہے، اس سے قبل اسد شفیق نے برسبین ٹیسٹ 2016 میں 336 منٹ کریزپر گزارے تھے۔
یاد رہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 11 برس کے طویل وقفے کے بعد کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیوپر تھری فیگر اننگز کھیلی تھی۔