کراچی: وزارت داخلہ سندھ نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی کے مختلف مقامات کا دہشت گردانہ کارروائیوں کا نشانہ بننے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزرات داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کراچی کے مختلف مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق سندھ ہائیکورٹ، سندھ اسمبلی اور ایمپریس مارکیٹ کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ زینب مارکیٹ سمیت ایم اے جناح روڈ پر موجود مارکیٹوں اور دو دریا پر موجود ریستورانوں کو بھی دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
وزارت داخلہ نے رینجرز، پولیس اور حساس ادروں کو مراسلہ ارسال کردیا ہے اور تھریٹ الرٹ کی روشنی میں تمام مقامات پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
یاد رہے کہ آج صبح ایک بار پھر صوبہ پنجاب کا دارالحکومت لاہور دھماکے سے گونج اٹھا جس میں 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیق کے مطابق دھماکے کے شکار ریستوران کے اندر بم نصب کیا گیا تھا تاہم حکومتی عہدیداران مصر ہیں کہ دھماکہ جنریٹر پھٹنے یا تعمیراتی کام کے سبب کسی اور وجہ سے ہوا۔