کراچی (20 مئی 2026): شدید بارشوں میں نالے میں گر کر شہری جاں بحق ہونے کے کیس میں عدالت نے حادثے کا ذمہ دار ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤں کو قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شدید بارشوں میں اورنگی نالے میں گر کر شہری کے جاں بحق ہونے کے کیس میں
سینئر سول جج غربی کی عدالت نے حادثے کا ذمے دار ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤن کو قرار دیتے ہوئے کے ایم سی کو واقعے سے بری الذمہ قرار دے دیا۔
عدالت نے ٹی ایم سی اورنگی ٹاؤن کو نہ صرف حادثے کا ذمہ دار قرار دیا بلکہ متوفی کے اہلخانہ کو ڈیڑھ کروڑ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ متوفی حادثے کے وقت جوان اور غیر شادی شدہ تھا۔ وہ کسی بیماری میں بھی مبتلا نہیں تھا اور اس کے پاس بڑی عمر باقی تھی۔ ٹی ایم سی کی غفلت کی وجہ سے متوفی کی قیمتی زندگی چھن گئی۔
عدالت نے مزید کہا کہ بارشوں سے قبل پیشگی اقدامات اور خطرناک مین ہول کو بند نہ کرنا متعلقہ حکام کی نا اہلی اور ناکامی ہے۔ ٹی ایم سی غفلت اور لاپروائی پر مبنی رویے کے باعث نا گہانی موت میں بنیادی ذمے دار ہے۔
اس سے قبل مقدمے کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عثمان طارق نے بتایا کہ 26 جولائی 2020 کو شدید بارش میں متوفی عارف گھر واپس آتے ہوئے کھلے نالے میں گر گیا تھا، جس میں شدید زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہو گیا تھا۔
ٹی ایم سی اورنگی نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے الزامات غلط ہیں، بارشوں میں تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔ یہ کیس قابل سماعت نہیں ہے۔
تحقیقاتی صحافت پریقین رکھنے والے فاروق سمیع اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں، دہشت گردی، سیاست اورعدالتوں سے منسلک خبروں پر کڑی نظر رکھتے ہیں۔


