کراچی : شہر قائد میں 20 سے زائد مرکزی سڑکوں پر کھدائی شروع کرنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو آئندہ 2 سال تک ٹریفک کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے فور آگمینٹیشن منصوبے کے تحت جنوری 2027ء سے شہر کی 20 سے زائد اہم اور مرکزی سڑکوں پر کھدائی کا کام شروع کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
کے فور منصوبے کے تحت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں پر مجموعی طور پر 96 کلومیٹر طویل پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی۔
منصوبے پر کام مکمل کرنے کے لیے 22 ماہ (تقریباً 2 سال) کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے ٹریفک کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
منصوبے پر ابتدائی طور پر 72 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں وقت کے ساتھ مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے تاہم کے فور آگمینٹیشن منصوبے کے لیے اس وقت ٹینڈرنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی آمد و رفت میں کم سے کم خلل ڈالنے کے لیے پورا شہر بیک وقت نہیں کھودا جائے گا۔
کھدائی کا کام مرحلہ وار 1 سے 3 کلومیٹر کے مختلف حصوں میں کیا جائے گا تاکہ متبادل ٹریفک روٹس کا نظام مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔


