ٹھٹھہ(10 مئی 2026):کراچی سے کینجھر جھیل سیر و تفریح کے لیے جانے والی سیاحوں کی کوچ چھتو چند کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس سے کوچ بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا۔
زخمیوں کے ورثا نے اسپتال انتظامیہ اور ریسکیو سروسز پر شدید تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ سول اسپتال ٹھٹھہ میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے شدید زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے کراچی منتقل کرنا پڑا۔
ورثا کا الزام ہے کہ زخمی افراد دو گھنٹے تک اسپتال میں طبی امداد کے منتظر رہے، جس سے ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق رہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے، تاہم بعض کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں کراچی ریفر کیا گیا ہے۔
حادثے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں کوچ بس کو تیز رفتاری کے باعث الٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ویڈیو: ’’ملاح سو گیا‘‘، دنیا کے سب سے بڑے دریا ایمیزون میں سیاحوں سے بھری 2 کشتیاں ٹکرا گئیں
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


