جمعہ, دسمبر 6, 2024
اشتہار

کراچی : عید تک مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی جائے، تاجروں‌ کی چیف جسٹس اور آرمی چیف سے اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سے عید تک کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی اپیل کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آل سٹی تاجراتحاد ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ تاجر عید سیزن کیلئےاربوں روپےکی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔

شرجیل گلوپلانی نے کہا کہ ’کرونا کی وجہ سے مارکیٹ کا وقت کم ہونے کی وجہ سے عوام 30 فیصدبھی خریداری نہ کرسکے، دکانداروں کو عید تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے‘۔

- Advertisement -

دوسری جانب کراچی چیمبر نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ وہ تاجروں اور دکان داروں کو عید سے قبل آخری 2 دن افطار سے سحری تک تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دے۔

کراچی چمبر کےچیئرمین زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ ’شہر قائد میں کرونا کیسز کے اعداد و شمار اتنے برے نہیں،دکانداروں کو بدھ اور جمعرات کو افطار سے سحری تک کاروبار کرنے دیا جائے، سندھ حکومت پریشان حال دکان داروں اور چھوٹے تاجروں پر رحم دلی کا مظاہرہ کرے‘۔

مزید پڑھیں: عید کی چھٹیوں پر تاجروں کے تحفظات، چاند رات تک 24 گھنٹے دکانیں کھولنے کا مطالبہ

یہ بھی پڑھیں: چیمبر آف کامرس نے عید کی طویل تعطیلات کو مسترد کر کے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

انہوں نے کہا کہ ’کرونا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد ہونے والی سخت پابندیوں کے نتیجے میں سنگین معاشی نقصانات ہوئے، جنہیں کم کرنے کے لیے عید سے قبل آخری 2 دن ہر قسم کے کاروبار کوافطار سے سحری تک کھولنے کی اجازت دی جائے کیونکہ اس کی گنجائش بھی موجود ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ دکانیں اور مارکیٹیں کھلنے سے شہری اپنی عید کی نامکمل خریداری مکمل کرلیں گے۔

زبیر موتی والا نے مزید کہا کہ ’کراچی چیمبر پر سندھ حکومت کو قائل کرنے کے لیے تاجروں کا شدید دباؤ ہے،کمرشل مارکیٹوں کے نمائندوں نے ان 2 دنوں میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے، رات گئے بازار کھولنے کی اجازت دینے سے سماجی فاصلے پر عمل ہوگا اور عوام کا رش بھی نہیں ہوگا‘۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’سندھ حکومت عید سے قبل آخری 2 روز کے لیے افطار سے سحری تک کاروبار بند رکھنے کی پابندیوں میں نرمی کرے گی‘۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں