کراچی: تاجروں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا اور کہا حکومت تاریخ میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کرے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بزنس کمیونٹی نے حکومتِ پاکستان سے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔
کراچی چیمبر آف کامرس، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز اور نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری سمیت مختلف تاجر تنظیموں نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث کاروباری نظام متاثر ہوا ہے، جبکہ انٹرنیٹ مسائل کے سبب بروقت ریٹرنز فائل کرنا ممکن نہیں۔
صدر کراچی چیمبر آف کامرس جاوید بلوانی نے کہا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں حالیہ بارشوں اور تباہ کاریوں سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں ، اس لیے حکومت ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کرے۔
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معیز نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور انکم ٹیکس فائلنگ میں توسیع سے تاجر برادری کو سہولت ملے گی۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرنز سے متعلق پیچیدہ شرائط اور مختصر وقت دینا کاروباری طبقے کے ساتھ زیادتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ موجودہ حالات کا ادراک کرتے ہوئے عوام اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جائے اور ریٹرن فائل کرنےکےلیےتاجربرادری کومناسب وقت دیا جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


