اتوار, مارچ 15, 2026
اشتہار

کراچی کے تاجروں کا حکومت کو 20 اکتوبر تک کا الٹی میٹم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: تاجروں نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا اگر 20 اکتوبر تک مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو سخت لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق گیس کے بھاری بلز کے خلاف کراچی کے تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ تاجروں نے حکومت کو 20 اکتوبر تک کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو وہ سخت لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، جس میں بل جمع نہ کرانے، صنعتیں بند کرنے اور عدالت سے رجوع کرنے جیسے اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر ریحان حنیف نے کہا کہ گیس کے بھاری بل صنعتکاروں پر بجلی بن کر گر رہے ہیں، جس سے پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، کئی ایکسپورٹرز نے فیکٹریوں کو بند کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں

انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر فوری ریلیف نہ دیا گیا تو صنعتی پہیہ رک سکتا ہے۔

سابق صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے بتایا کہ وزیراعظم کو خط بھیجا گیا لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا، بیرونِ ملک کاروبار کرنا اب پاکستان سے زیادہ آسان ہو گیا ہے، حکومت نے حالات مزید مشکل بنا دیے ہیں۔”

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے صدر فیصل معیز نے کہا کہ ہر معاملے پر آئی ایم ایف کے دباؤ کا جواز دیا جاتا ہے، جبکہ اس پالیسی کا سب سے زیادہ نقصان ملکی انڈسٹری کو ہو رہا ہے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال سے صنعتیں بند ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو معاشی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں