کراچی: ٹریفک پولیس نے ای چالان جرمانوں کی بروقت ادائیگی کی حوصلہ افزائی کے لیے بڑے پیمانے پر رعایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس ہوا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ نئے ٹریفک قوانین اور جرمانوں کا نفاذ صوبے بھر میں یکساں طور پر کیا گیا ہے، خلاف ورزیوں پر نئے قوانین کے مطابق سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ 50 اقسام کی خلاف ورزیوں پر جرمانہ 5 ہزار روپے تک رکھا گیا ہے، تاہم 14 روز میں ادائیگی کی صورت میں 50 فیصد رعایت دی گئی ہے، رعایتی مدت میں ادائیگی پر جرمانہ 2 سے ڈھائی ہزار روپے تک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آگاہی اور تنبیہ کے باوجود ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں جرمانے کی رقم بتدریج بڑھتی جائے گی۔
مزید پڑھیں : شہریوں کیلئے ای چالان کی بھرمار کرنیوالے ٹریفک اہلکار خود بچنے کےلیے کیا منصوبہ بنایا؟
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ اس وقت 59 خلاف ورزیوں کو مانیٹر اور جرمانہ کیا جا رہا ہے، جبکہ 9 سنگین خلاف ورزیوں جن میں ون وے، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور اوورٹیکنگ شامل ہیں پر 5 ہزار روپے سے زائد جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر بھاری گاڑیوں کے جرمانے کو موٹر سائیکل یا کار کے ساتھ منسوب کرنا غلط ہے، شہریوں کی سہولت کے لیے کراچی کے 11 مقامات پر ٹریفک شکایات کے ازالے کے لیے سہولت سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، شکایت کے ازالے کا وقت جرمانے کی مدت میں شامل نہیں کیا جائے گا۔


