صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ غیرمعینہ مدت کے لیے ہے مشترکہ اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ ہر طرف سے مایوسی کے بعد کیا گیا ہے، مطالبات کے لیے صوبائی حکومت کے ہر ذمہ دار سے رجوع کیا، ای چالان کے جرمانے کم کرنا سب سے بڑا مطالبہ ہے۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے کہا کہ مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا تو ہڑتال کل بھی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ای چالان کے باوجود بھی مینول چالان کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی میں بس مالکان کا غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان
ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرائے نہ بڑھانے کی شرط پر سبسڈی کی رقم آج تک نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ اڈوں پر کھڑی ٹرانسپورٹ پر اکثر و بیشتر ایک لاکھ روپے تک کے جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے کہا کہ انشورنس ادائیگی کے موقع پر تھرڈ پارٹی کو 12 ہزار روپے کی ادائیگی کا کہا جاتا ہے، تھرڈ پارٹی کو ادائیگی کس زمرے میں کی جائے اور یہ رقم کہاں جائے گی۔


