کراچی : پیٹرول کی قیمت بڑھتے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 10 سے 20 روپے اضافہ کردیا جبکہ مال برداری کرایوں میں بیس فیصد اضافہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھتے ہی ٹرانسپورٹرز نے عوامی سواریوں اور مال برداری کے کرایوں میں فوری اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی میں اندرونِ شہر چلنے والی بسوں، منی بسوں، کوچز اور رکشہ ڈرائیوروں نے کرایوں میں 10 سے 20 روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے۔
کرایوں میں اس اچانک اضافے پر بس اسٹاپس اور گاڑیوں کے اندر مسافروں اور ٹرانسپورٹ عملے کے درمیان شدید تکرار اور تلخ کلامی کے واقعات بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔
مسافروں کا موقف ہے کہ حکومت کے فیصلے کا بوجھ براہِ راست ان کی جیب پر ڈالا جا رہا ہے۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 78 روپے اور پیٹرول میں 68 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے ، ان حالات میں پرانے کرایوں پر کام کرنا ممکن نہیں رہا۔
شہزاد اعوان نے کہا کہ اگر حکومت قیمتیں بڑھانا اپنی مجبوری سمجھتی ہے تو ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کے لیے ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں فوری کمی کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


