بدھ, جون 10, 2026
اشتہار

کراچی میں گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں ہوگا، شرجیل میمن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (17 مئی 2026): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں طے ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے یلو لائن بی آر ٹی اور شاہراہ بھٹو کے منصوبوں کا دورہ کرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 مئی کو شاہراہ بھٹو کو کاٹھور تک مکمل کھول دیا جائے گا، اس کا افتتاح بلاول بھٹو کریں گے جب کہ اسی روز تاج حیدر پل کا سنگ بنیاد بھی رکھا جائے گا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں گھنٹوں کا سفر منٹوں میں ہوگا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شاہراہ بھٹو 39 کلومیٹر کا ایکسپریس وے ہے، جس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں شاہراہ بھٹو کے منصوبے کو ایوارڈ بھی ملا ہے، اس طرح کے اور بیشتر منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کراچی کی جتنی شاہراہیں ہیں ان کو بہتر کیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ سندھ بھر میں بڑے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ کراچی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال، یونیورسٹیز، اسپورٹس گراؤنڈ بھی بن رہے ہیں۔ سندھ حکومت کراچی پورٹ سے جام صادق کورنگی تک سڑک بنانے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ منصوبوں کی تعمیر میں وقت زیادہ لگا ہے، جس پر معذرت خواہ ہیں۔ بی آر ٹی آپ کے مستقبل کیلیے ہے، نوجوان نسل مستفید ہوتی رہے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بسیں خرید کر چلانا تو بہت آسان کام ہے، مختلف شہروں میں چل رہی ہیں۔ لیکن پاکستان کی پہلی ای وی بس، پہلی پنک بس اور پنک اسکوٹی سندھ حکومت نے شروع کی۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں زیادہ سہولیات دینا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں ترقیاتی کام کر رہی ہے، مخالفین پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے احسن اقبال کو کہا کہ سندھ کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے سیکھیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں